ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گوا کے ورنا میں بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے واقع جھونپڑیوں میں گھس گئی؛ چار ہلاک،چار شدید زخمی

گوا کے ورنا میں بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے واقع جھونپڑیوں میں گھس گئی؛ چار ہلاک،چار شدید زخمی

Tue, 28 May 2024 13:49:44    S.O. News Service

مڈگاوں(گوا) 28/مئی (ایس او نیوز)  ایک کمپنی کے ملازمین کو لے جانے والی بس  سڑک کنارے واقع دو عارضی جھونپڑیوں  میں گھس جانے کے نتیجے میں  وہاں سورہے  چار مزدور ہمیشہ کی نیند سوگئے، دیگر چار شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ سنیچر دیر رات کو ورنا،آئی ڈی سی میں پیش آیا۔پیر کو پولس نے بتایا کہ  متعلقہ بس  ڈرائیورجس کی شناخت بھرت گویکر کی حیثیت سے کی گئی ہے، کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

حادثے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے، جنوبی گوا کی ایس پی سنیتا ساونت نے بتایا کہ یہ واقعہ  سنیچر رات تقریباً 11.30 بجے اس وقت پیش آیا جب بس ایک کمپنی کے تقریباً 15 ملازمین کو اپنی ڈیوٹی  کی انجام دہی کے بعد ٹائٹن گیٹ جنکشن سے ورنا IDC کی اندرونی سڑک  سے  لوٹولیم لے جارہی تھی۔ ایک موڑ پر  ڈرائیور  بھرت گویکر نے کنٹرول کھو دیا  جس کے نتیجے میں بس  سڑک کے کنارے واقع دو جھونپڑیوں میں گھس گئی، جہاں  بہار سے تعلق رکھنے والے مزدور آرام کررہےتھے۔  ایس پی نے بتایا کہ تمام مزدور  سڑ ک کنارے گٹر کی تعمیر اور دیگرمزدوری کے لئے   سوپر وائزر    محبوب شیخ  کے لیے کام کر رہے تھے۔ 

ایس پی سُنیتا نے بتایا کہ "جھونپڑیوں کے اندر آٹھ مزدورر سو رہے تھے، جس میں سے چار کی اس حادثے میں موت ہوگئی، جب کہ دیگر چار کو مڈگاؤ ں کے جنوبی گوا ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔" مرنے والے مزدوروں کی شناخت ونود سنگھ (44)، انیل مہاتو (39)، رمیش مہاتو (41) اور راجندر مہاتو (50) کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ زخمیوں میں دنیش کمار سنگھ (31) ٹونا مہاتو، راجیش کمار منڈل (27) اور نریش سنگھ (62) شامل ہیں۔

حادثے کے فوری بعد جائے وقوع کے قریب واقع  کمپنیوں کے نائٹ شفٹ کے کارکن فوری  مدد کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئے  اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے  میں مدد کی۔ معجزانہ طور پر بس میں موجود کمپنی کا عملہ بال بال بچ گیا۔

ایس پی ساونت کے مطابق تعمیراتی کام ٹھیکیدار عبدالقادر نے کروایا تھا، جو کیرالہ کا رہنے والا ہے لیکن پونڈہ میں رہتا ہے، جبکہ سپروائزر محبوب شیخ کا تعلق پونڈہ   سے ہے۔ "حادثے کے وقت، پولیس نے دیکھا کہ ڈرائیور سے شراب کی بو آ رہی تھی۔ وہ بھی اس حادثے میں زخمی ہوا تھا اور اسے بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے،‘‘ ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ  "ڈرائیور کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ آیا وہ نشے میں تھا۔ رپورٹ کا انتظار ہے۔"

دو جھونپڑیوں سے  ملحقہ ایک اور جھونپڑی  بھی تھی اور وہاں بھی  تقریباً 8 مزدور جو سو رہے تھے، تاہم وہ بال بال بچ گئے۔

پیر کو  ملی اطلاع کے مطابق ورنا پولیس نے ڈرائیور بھرت کو گرفتار کرلیا ہے اور  معاملے کی  چھان بین جاری ہے۔


Share: